” چوکیدار “ (صرف بالغان کے لیے)



غلام مصطفی
bakhabarkhan@yahoo.com

نئے گھر کے ساتھ ہی ہمیں سابقہ مالک مکان نے اپنی پسندیدہ حفاظتی کمپنی کا چوکیدار بھی عطا کیا۔ یہ چوکیدار بہادری، پیشہ ورانہ مہارت ،جدید ہتھیاروں اور جسمانی طاقت سے مالامال ایک بے مثال چوکیدار ہے۔ہم نے ملک کے دیگر حصوں میں موجود اپنی جائیداد کے لیے بھی اسی کمپنی کے چوکیدار مقرر کررکھے ہیں کیوں کہ ہم حفاظتی امورپر کوئی سمجھوتہ کرنے کے قائل نہیں ۔ ایسے قابل چوکیداروں کا تذکرہ سن کر آپ کا بھی دل چاہتاہوگا کہ آج کل کے خراب حالات میں آپ کو بھی ایسے محافظ کی خدمات حاصل ہوں ۔مگر وائے افسوس کہ آپ ایسا نہیں کرسکتے کیوں کہ چوکیداروں کی یہ کمپنی پیشہ مہارت کے ساتھ چند شرائط بھی رکھتی ہے ۔ اگر آپ کو مندرجہ ذیل شرائط منظور ہوں تو بسم اللہ ۔
1) گھر کے بجٹ کا80 فی صد حصہ چوکیداروں کو تنخواہ و دیگرخراجات کی مد میں دیا جائے گا۔
2) چوکیدار گھر کے ہر معاملے میں دخل دے سکیں گے۔
3) کبھی کبھی چوکیدار گھر کا مکمل انتظام سنبھال کر اپنی مرضی کا قانون بھی نافذکرسکیں گے۔
4) ان چوکیداروں کی موجودگی میں گھر پر کوئی حملہ یا واردات ہوجائے تو انہیں ذمہ نہیں ٹھہرایا جاسکے گا۔
5) جائداد کے بہترین حصے پر چوکیداروں کا حق ہوگا۔
اگر کوئی چوکیدار بوجہ عمر نوکری سے فارغ ہوجائےتواسے
جائیداد میں اس کی من پسند نوکری پر مقرر کیا جائے گا حتیٰ کہ وہ ہماری یونی ورسٹی کا وائس چانسلر بھی مقرر ہوسکے گا۔
6) چہٹی آخری شرط یہ ہے کہ پوری افرادی اور اسلحہ کے باوجود چوکیداروں کا پورا جتھہ دشمن کے سامنے ہتھیار ڈالنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اب آپ جیسے حجتی پوچھیں گے کہ ان شرم ناک شرائط کے ساتھ چوکیداررکھنے کا فائدہ؟ تو بھائی جائیداد کی حفاظت بھی تو ضروری ہے۔ ہم چاروں طرف سے دشمنوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ان حالات میں چوکیداروں کی بات ماننی پڑتی ہے۔ تمہیں تو پتا ہے کہ اپنے بنگلے ملک کے ہر شہر میں موجودہیں۔ پچھلے دنوں ہمارے ایبٹ آباد والے بنگلے پر دشمن نے ڈاکہ زنی اور قتل کی واردات کامیاب واردات کی ۔ مگر قسم لے لو کہ ہم نے اپنے سورما محافظوں کو ایک لفظ بھی کہا ہو۔ ہاں ہاں تمہارے سر کی قسم !
مگر یہ تم کیا کھی کھی کھی لگا رکھی ہے ؟ کیا اس طرح تم ہمارے ان بہادر محافظوں کا مذاق اڑانا چاہتے ہو جنہیں پوری دنیا برا بھلا کہہ رہی ہے۔ نہیں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ہر گز نہیں ۔
نوٹ : اس کہانی کے تمام کردار اور واقعات فرضی ہیں۔ مماثلت محض اتفاقیہ ہوگی۔ ٹھیک ہے؟؟؟؟

تبصرہ کریں